نورزئی اور بڑیچ قبائل کے درمیان جاری چپقلش اور جھگڑے کا خاتمہ

کچلاک، کوئٹہ (پ ر)چند روز قبل نورزئی اور بڑیچ قبائل سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کا معمولی تکرار کے نتیجے میں جاری جھگڑے اور چپقلش کا خوش اسلوبی سے تصفیہ کر دیا گیا اس سلسلے میں حاجی رحم اللہ نورزئی کی قیادت میں ایک قبائلی میڑھ سردار حاجی محمد گل بڑیچ کی رہائش گاہ واقع بڑیچ ہاؤس کچلاک پہنچی ۔جہاں پر قبائلی میڑھ کو خوش آمدید کہا گیا اس سلسلے میں حاجی میر عرض محمد بڑیچ کی قیادت میں ایک قبائلی جرگہ منعقد ہوا جس میں دونوں قبائل کے معتبرین نے شرکت کی ۔جرگے کے دوران نورزئی قبائل کی جانب سے بڑیچ ہاؤس کچلاک میڑھ لانے پر نورزئی قبائل کو معاف کر دیا گیا اور ان پر رکھی گئی رقم بخش دی گئی ۔اس موقع پر حاجی میر عرض محمد بڑیچ اور دیگر معتبرین نے نورزئی اور بڑیچ قبائل سے خطاب کے دوران کہا کہ ایک دوسرے کو معاف کر دینا ایک اچھی روایت ہے ہمارا مذہب دین اسلام بھی ہمیں معاف اور درگزر کرنے کی تلقین کرتا ہے انہوں نے اس سلسلے میں نورزئی اور بڑیچ قبائل کے معتبرین فراخ دلی اور دور اندیشی کی ستائش کی ۔جرگے میں نورزئی اور بڑیچ قبائل کے مذکورہ نوجوانوں کو ایک دوسرے سے بغل گیر کر کے شیر و شکر کر دیا گیا ۔تمام آنے والے مہمانوں اور قبائلی معتبرین کے اعزاز میں سردار محمد گل بڑیچ کی طرف بڑیچ ہاؤس کچلاک میں پر تکلف عشائیے کا اہتمام بھی کیا گیا تھا ۔آخر میں اتحاد و یکجہتی اور امن کی خاطر اجتماعی دعا کرائی گئی ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں