نوکنڈی(نامہ نگار) مین بازار اور مشرقی بازار کو بجلی فراہم کرنے والا ٹرانسفارمر گزشتہ ایک ہفتے سے خراب ہونے کے باعث بازار اور ملحقہ آبادی تاریکی میں ڈوبی ہوئی ہے۔ مسلسل ایک ہفتے سے بجلی کی بندش کے باعث تاجروں کا کاروبار شدید متاثر ہو رہا ہے، جبکہ دکانداروں کو بھاری مالی نقصان کا سامنا ہے۔اہلیانِ کلی مشرقی بازار کے مکین بھی طویل بجلی کی بندش کے باعث شدید مشکلات اور اذیت میں مبتلا ہیں۔ شدید گرمی کے موسم میں گزشتہ ایک ہفتے سے بجلی کی عدم فراہمی نے شہریوں کی روزمرہ زندگی کو بری طرح متاثر کر دیا ہے.انجمنِ تاجران نوکنڈی کے تاجروں کا کہنا ہے کہ بجلی کے بغیر کاروبار چلانا تقریباً ناممکن ہو چکا ہے۔ دکانوں میں موجود برقی آلات، کولنگ سسٹم اور دیگر کاروباری سرگرمیاں متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ گاہکوں کی آمدورفت بھی کم ہو گئی ہے، جس سے تاجروں کو مسلسل مالی نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔تاجروں اور شہریوں نے واپڈا حکام، ضلعی انتظامیہ اور منتخب نمائندوں سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر اس سنگین مسئلے کا نوٹس لیں اور خراب ٹرانسفارمر کی ہنگامی بنیادوں پر مرمت یا متبادل ٹرانسفارمر کی تنصیب یقینی بنائیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر ٹرانسفارمر کی مرمت میں اتنے دن لگ رہے ہیں تو عوام کو یہ بتایا جائے کہ آخر اسے ٹھیک کرکے واپس لانے میں مزید کتنے دن، ہفتے یا مہینے لگیں گے؟ کیا عوام کو مہینوں تک بجلی کے بغیر انتظار کرنا ہوگا؟تاجروں اور شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ٹرانسفارم کے مسئلے کو حل کرنے کیلئے فوری عملی اقدامات کیے جائیں، کیونکہ ایک ہفتے سے جاری بجلی کی بندش نے نہ صرف کاروباری سرگرمیوں بلکہ شہریوں کی معمول کی زندگی کو بھی شدید متاثر کر رکھا ہے۔
نوکنڈی مشرقی بازار میں بجلی کے بحران پر تاجروں اور شہریوں کی تشویش
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل