ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں معیار کو ہر صورت مقدم رکھا جائے گا‘سرور خان رند

گنداخہ(نامہ نگار فریداحمد) میونسپل کمیٹی گنداخہ کے چیئرمین ڈاکٹر جاوید اختر جمالی کی ہدایات پر چیف آفیسر میونسپل کمیٹی گنداخہ غلام سرور خان رند نے میونسپل کمیٹی کے انجینئر کے ہمراہ شہر کے مختلف وارڈز میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی دورہ کرکے کام کی رفتار اور معیار کا جائزہ لیا،دورے کے دوران وارڈ نمبر 1 میں جاری سیوریج سسٹم، نکاسی آب اور نالیوں کی تعمیر کے کام کا خصوصی معائنہ کیا گیا۔ چیف آفیسر نے جاری تعمیراتی کام میں استعمال ہونے والے میٹریل اورتعمیراتی معیار کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی اسکیمات منظور شدہ ڈیزائن، مقررہ معیار اور فنی اصولوں کے مطابق مکمل کی جائیں ۔اس موقع پر چیف آفیسر غلام سرور خان رند نے وارڈ نمبر 1 میں سولر اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب سے قبل ان کے معیار اور کارکردگی کو بھی چیک کیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ سولر اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب میں معیاری سامان کے استعمال اور تکنیکی تقاضوں کو یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو دیرپا اور مؤثر سہولت میسر آسکے ،چیف آفیسر غلام سرور خان رند نے کہا کہ شہر کی خوبصورتی، صفائی، نکاسی آب اور بنیادی شہری سہولیات کی بہتری میونسپل کمیٹی کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ،ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں معیار کو ہر صورت مقدم رکھا جائے گا اور کسی بھی مرحلے پر معیار پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،انہوں نے کہا کہ جاری ترقیاتی اسکیمات کی باقاعدگی سے نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ منصوبے مقررہ مدت میں مکمل ہونے کے ساتھ ساتھ عوام کی ضروریات اور توقعات پر بھی پورا اتریں ۔ میونسپل کمیٹی گنداخہ شہریوں کو بہتر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے دستیاب وسائل کو مؤثر انداز میں بروئے کار لا رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں