اساتذہ کی محنت، لگن اور تدریسی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں ، فرید احمد قمبرانی

گنداخہ:( نامہ نگار) گورنمنٹ بوائز مڈل سکول فقیر محمد لاشاری کے ہیڈ ماسٹر استاد عمران خان لاشاری و دیگر تدریسی عملے سے تحصیل پریس کلب گنداخہ کے چیئرمین و پاکستان میڈیا کونسل ضلع اوستا محمد کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری فرید احمد قمبرانی نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران سکول کی تعلیمی و انتظامی صورتحال، تدریسی امور، طلباء کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور درپیش مسائل سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر استاد محب علی لاشاری، استاد خالد حسین چاوڑا اور غازی محبوب احمد جمالی بھی موجود تھے۔ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ بوائز مڈل سکول فقیر محمد لاشاری استاد عمران خان لاشاری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الحمدللہ سکول کے تمام اساتذہ طلباء کو معیاری تعلیم کی فراہمی اور ایک بہتر و سازگار تعلیمی ماحول کے قیام کیلئے اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی محنت، لگن اور تدریسی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں اور طلباء کی تعلیمی بہتری کیلئے بھرپور کوششیں جاری ہیں،انہوں نے کہا کہ سکول کی عمارت گزشتہ کئی سال سے خستہ حالی کا شکار ہے، جس کے باعث نہ صرف تدریسی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں بلکہ طلباء اور اساتذہ میں بھی تشویش پائی جاتی ہے۔ عمارت کی خستہ حالت کے باعث طلباء کے تحفظ کے حوالے سے بھی خدشات موجود ہیں، جس پر فوری توجہ دینا ناگزیر ہے،استاد عمران خان لاشاری نے کہا کہ سکول کی عمارت کی حالت دن بدن خراب ہوتی جا رہی ہے، اس لیے کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے سے قبل اس مسئلے کا مستقل حل ضروری ہے۔انہوں نے سیکرٹری تعلیم، وزیر تعلیم بلوچستان اور محکمہ تعلیم کے دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ گورنمنٹ بوائز مڈل سکول فقیر محمد لاشاری کی عمارت کا فوری طور پر معائنہ کروا کر ہنگامی بنیادوں پر مرمت و بحالی یا تعمیر نو کے اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری سکولوں میں زیر تعلیم بچوں کو محفوظ، صاف ستھرا اور پُرسکون تعلیمی ماحول فراہم کرنا محکمہ تعلیم کی اہم ذمہ داری ہے۔ سکول کی عمارت کی بروقت تعمیر و مرمت سے نہ صرف طلباء کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے گا بلکہ علاقے کے بچوں کو بہتر تعلیمی سہولیات بھی میسر آئیں گی۔علاقہ مکینوں اور والدین نے بھی متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سکول کی خستہ حال عمارت کے مسئلے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ طلباء بلاخوف و خطر اپنی تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھ سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں