کوئٹہ(سٹاف رپورٹر) ضلعی انتظامیہ نے کوئٹہ کے علاقے نواں کلی میں تجاوزات کے خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے 10 افراد کو حراست میں لے لیا۔
اسسٹنٹ کمشنر (صدر) نے ایس پی ٹریفک کے ہمراہ مین نواں کلی روڈ پر آپریشن کی قیادت کی، جس کے دوران سڑک پر ٹریفک کی روانی میں شدید خلل ڈالنے والے ریڑھی بانوں اور تمام عارضی تجاوزات کو موقع سے ہٹا دیا گیا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق آپریشن کے دوران سڑک کے متاثرہ حصوں کو مکمل طور پر کلیئر کر کے عوام اور گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے بحال کر دیا گیا ہے۔ انتظامی قوانین کی خلاف ورزی اور تجاوزات قائم کرنے پر 10 افراد کو موقع پر ہی گرفتار کیا گیا۔
انتظامیہ نے واضح تنبیہ جاری کی ہے کہ عوامی شاہراہوں اور مرکزی سڑکوں پر کسی بھی قسم کی تجاوزات برداشت نہیں کی جائیں گی اور یہ بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
کوئٹہ: نواں کلی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن، 10 افراد گرفتار