نصر اللہ خارانی کی زیرِ صدارت حسنِ نعت اور سیرتِ نبوی ؐکے حوالے سے عظیم الشان کوئز مقابلے کا انعقاد

جعفرآباد (نامہ نگار مقصود احمد مہر) گورنمنٹ بوائز ہائی سکول روجھان جمالی، ضلع جعفرآباد میں ہیڈ ماسٹر جناب نصر اللہ خارانی کی زیرِ صدارت حسنِ نعت اور سیرتِ نبوی ﷺ کے حوالے سے عظیم الشان کوئز مقابلے کا انعقاد کیا گیا۔ فائنل مقابلہ گورنمنٹ بوائز ہائی سکول روجھان جمالی اور گورنمنٹ گرلز ہائی سکول روجھان جمالی کی ٹیموں کے درمیان ہوا، جو انتہائی دلچسپ اور سنسنی خیز رہا۔ دونوں ٹیموں کی شاندار کارکردگی کے باعث انہیں مشترکہ طور پر فاتح قرار دیا گیا۔ کلاس نہم کے طالب علم عبداللہ نے بہترین نعت کا ایوارڈ حاصل کیا۔تقریب کی مہمانِ خصوصی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر محترمہ عائشہ بگٹی تھیں ، جن کا اسکاؤٹس نے گل پاشی اور تالیوں کی گونج سے استقبال کیا۔ ہیڈ ماسٹر نصر اللہ خارانی نے مہمانِ خصوصی محترمہ عائشہ بگٹی اور محترمہ فرزانہ صاحبہ کو بلوچی شال اور یادگاری شیلڈ پیش کی۔ محترمہ عائشہ بگٹی نے سکول کی مختلف کلاسز کا تفصیلی جائزہ لیا اور ادارے کی مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے شاندار پروگرام کے انعقاد پر ہیڈ ماسٹر اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دی۔ بعد ازاں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ و طالبات میں ٹرافیاں ، شیلڈز، میڈلز، کاپیاں ، پین اور نقد انعامات تقسیم کیے گئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی اور ہیڈ ماسٹر نے نبی کریم ﷺ سے محبت اور آپ ﷺ کی سیرتِ طیبہ پر عمل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ تقریب کے اسٹیج سیکرٹری کے فرائض مسٹر عبدالصبور، ایس ایس ٹی جنرل، نے انجام دیے۔ اختتام پر شرکاء کے اعزاز میں چائے پارٹی کا اہتمام کیا گیا اور دعا کے ساتھ تقریب اختتام پذیر ہوئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں