کوئٹہ(پ ر) پنجاب خیبرپختونخوا بس یونین کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ظاہر شاہ کاکڑ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ بڑے اضافے کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے اسے عوام اور ٹرانسپورٹ شعبے پر ظلم قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے بجائے مسلسل پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرکے مہنگائی کی نئی لہر کو جنم دے رہی ہے، جس سے عام آدمی کے ساتھ ساتھ ٹرانسپورٹرز بھی شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔انہوں نے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا براہ راست اثر ٹرانسپورٹ کے کرایوں، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور روزمرہ زندگی کے اخراجات پر پڑتا ہے۔ ملک میں پہلے ہی مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے، ایسے میں پٹرولیم مصنوعات مہنگی کرنا غریب اور متوسط طبقے کے ساتھ زیادتی کے مترادف ہے۔ ظاہر شاہ کاکڑ نے کہا کہ ٹرانسپورٹ شعبہ پہلے ہی ٹائرز، اسپیئر پارٹس، گاڑیوں کی مرمت، ٹیکسز، ٹول ٹیکس اور دیگر اخراجات میں مسلسل اضافے کے باعث شدید مالی دباؤ کا شکار ہے۔اب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا اضافہ ٹرانسپورٹرز کے لیے مزید مشکلات پیدا کرے گا اور بالخصوص بین الصوبائی بس سروس شدید متاثر ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز عوام پر اضافی کرایوں کا بوجھ ڈالنے کے حق میں نہیں، کیونکہ مسافر پہلے ہی مہنگائی سے پریشان ہیں، تاہم حکومت کے مسلسل اقدامات نے ٹرانسپورٹرز کو ایسے فیصلوں پر مجبور کرنے کی صورتحال پیدا کردی ہے جو کسی کے مفاد میں نہیں۔مرکزی سیکرٹری اطلاعات نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ فوری واپس لیا جائے، ٹرانسپورٹ شعبے کے لیے خصوصی ریلیف پیکیج کا اعلان کیا جائے اور ٹرانسپورٹرز کے مسائل کے حل کے لیے یونین کے نمائندوں کو اعتماد میں لیا جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر نظرثانی نہ کی اور ٹرانسپورٹرز کو ریلیف فراہم نہ کیا تو پنجاب خیبرپختونخوا بس یونین دیگر ٹرانسپورٹر تنظیموں سے مشاورت کرکے آئندہ کا لائحہ عمل طے کرے گی۔
پٹرولیم مصنوعات کی آڑ میں ظلم کیا جارہا ہے،ظاہر شاہ کاکڑ
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل