جعفرآباد(نامہ نگار) ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان کی زیر صدارت سرکاری واجبات کی وصولی کے حوالے سے محکمہ ریونیو کے افسران اور عملہ مال کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سرکاری واجبات کی وصولی کی موجودہ صورتحال، درپیش مسائل، مختلف مدات میں بقایاجات اور اب تک کیے گئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں متعلقہ افسران نے ڈپٹی کمشنر کو واجبات کی وصولی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور مختلف علاقوں میں جاری ریکوری مہم سے متعلق آگاہ کیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان نے کہا کہ سرکاری واجبات کی بروقت اور مکمل وصولی ضلعی انتظامیہ اور محکمہ ریونیو کی اہم ذمہ داری ہے، اس حوالے سے کسی بھی قسم کی سستی یا غفلت قابل قبول نہیں ہوگی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ زمینداروں اور کاشتکاروں سے سرکاری واجبات کی وصولی ہر صورت یقینی بنائی جائے اور جن افراد پر سرکاری واجبات تاحال بقایا ہیں، انہیں فوری طور پر نوٹسز جاری کیے جائیں تاکہ وہ مقررہ مدت کے اندر اپنے واجبات جمع کرا سکیں انہوں نے کہا کہ سرکاری واجبات کی وصولی کے عمل کو مزید مؤثر اور تیز بنایا جائے اور ریکارڈ کی مکمل جانچ پڑتال کے بعد نادہندگان کی فہرستیں مرتب کی جائیں۔ ایسے افراد جو بار بار نوٹسز کے باوجود واجبات کی ادائیگی سے گریز کر رہے ہیں، ان کے خلاف قانون اور ضابطے کے مطابق بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے۔ڈپٹی کمشنر خالد خان نے مزید کہا کہ ریونیو ریکارڈ کو مکمل طور پر اپ ڈیٹ رکھا جائے اور واجبات کی وصولی کے حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر پیش رفت کا جائزہ لیا جائے۔ انہوں نے متعلقہ افسران اور اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ فیلڈ میں اپنی موجودگی یقینی بناتے ہوئے نادہندگان سے رابطہ کریں اور ریکوری کے مقررہ اہداف کے حصول کے لیے مربوط حکمت عملی اختیار کریں۔انہوں نے کہا کہ سرکاری ریونیو میں اضافہ عوامی فلاح و بہبود اور ضلعی ترقیاتی سرگرمیوں کے لیے انتہائی اہم ہے، اس لیے تمام متعلقہ محکمے اپنی ذمہ داریاں پوری ایمانداری، شفافیت اور پیشہ ورانہ انداز میں انجام دیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ وصولی کے عمل میں کسی بھی قسم کی سفارش، دباؤ یا امتیازی سلوک کو خاطر میں نہیں لایا جائے گا اور قانون سب کے لیے یکساں ہوگا۔ڈپٹی کمشنر نے افسران کو ہدایت کی کہ مقررہ اہداف کے حصول کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں، واجبات کی وصولی میں حائل رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کیا جائے اور جہاں قانونی کارروائی ضروری ہو وہاں بلا تاخیر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ محکمہ ریونیو کے افسران اور عملہ اپنی ذمہ داریوں کو احسن انداز میں ادا کرتے ہوئے سرکاری واجبات کی وصولی کے اہداف حاصل کریں گے۔
ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان کی زیر صدارت سرکاری واجبات کی وصولی کے حوالے سے اجلاس
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل