سوراب فیملی پارک کا شاندار افتتاح، عوام کی بھرپور شرکت،

سوراب(نامہ نگار) سوراب میں عوام کو صحت مند تفریح، مثبت سرگرمیوں اور پُرسکون ماحول کی فراہمی کے لیے ضلعی انتظامیہ سوراب کی جانب سے قائم کیے گئے سوراب فیملی پارک کا باقاعدہ افتتاح ایک پروقار اور شاندار تقریب کے دوران کر دیا گیا،افتتاحی تقریب میں ضلعی انتظامیہ کے افسران، عسکری حکام، سیاسی و سماجی شخصیات، خواتین، بچوں اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی،سوراب فیملی پارک کا افتتاح ڈپٹی کمشنر سوراب صاحب زادہ نجیب اللہ، 61 ونگ کے کمانڈر کرنل سید فخر طلحہٰ رفیق، ایس پی سوراب خورشید بلوچ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سلمان علی اور میجر عباس علی نے فیتہ کاٹ کر کیا،اس موقع پر شرکاء نے پارک کے قیام کو اہلِ سوراب کے لیے ایک مثبت اور خوش آئند اقدام قرار دیا،افتتاحی تقریب کے موقع پر فیملی پارک میں مختلف اقسام کے اسٹالز بھی لگائے گئے تھے، جہاں بچوں اور خواتین کے لیے مختلف تفریحی و دلچسپ سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا،ڈپٹی کمشنر سوراب صاحب زادہ نجیب اللہ اور کمانڈر 61 ونگ کرنل سید فخر طلحہٰ رفیق نے مختلف اسٹالز کا دورہ کیا، جہاں منتظمین اور متعلقہ افراد کی جانب سے انہیں اسٹالز اور وہاں موجود سرگرمیوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی،پارک کے افتتاح کے موقع پر پورا ماحول خوشی سے بھرپور نظر آیا،خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد میں شرکت نے تقریب کی رونق میں مزید اضافہ کر دیا، جبکہ شہریوں نے فیملی پارک کے قیام کو سوراب میں تفریحی سہولیات کی جانب ایک اہم قدم قرار دیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا،افتتاحی تقریب کے سلسلے میں ایک خصوصی محفلِ موسیقی کا بھی اہتمام کیا گیا، جس میں معروف گلوکار مرشد علی حسن آزاد نے اپنی سریلی آواز کا جادو جگایا اور خوبصورت گیت پیش کرکے حاضرین کو محظوظ کیا، ان کی شاندار پرفارمنس نے افتتاحی پروگرام کو مزید یادگار اور پُررونق بنا دیا،جبکہ حاضرین نے بھرپور انداز میں محفل سے لطف اٹھایا،اس موقع پر شہریوں کا کہنا تھا کہ سوراب فیملی پارک کا قیام اہلِ علاقہ خصوصاً خواتین اور بچوں کے لیے ایک بہترین تفریحی سہولت ہے،ایسے مقامات نہ صرف خاندانوں کو ایک محفوظ اور صحت مند ماحول فراہم کرتے ہیں بلکہ نوجوانوں اور بچوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں،افتتاحی تقریب کے دوران سیکیورٹی کے پیشِ نظر سخت انتظامات کیے گئے تھے،متعلقہ سیکیورٹی اہلکاروں نے پارک کے داخلی و خارجی راستوں سمیت تقریب کے مختلف مقامات پر فرائض انجام دیے اور شرکاء کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے،افتتاحی تقریب کے اختتام پر شرکاء نے سوراب فیملی پارک کے قیام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ پارک مستقبل میں اہلِ سوراب کے لیے ایک بہترین تفریحی مرکز ثابت ہوگا اور یہاں صحت مند، مثبت اور خاندانی سرگرمیوں کو مزید فروغ دیا جائے گا، واضح رہے کہ یہ فیملی پارک ضلعی انتظامیہ سوراب کی جانب سے بی ایس ڈی آئی فنڈز سے بنایا گیا ہے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں