کوئٹہ (سٹاف رپورٹر)مسماۃ اسماء دختر امان اللہ اغواء کیس میں چار ملزمان گرفتار، واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ و گاڑی برآمد کرلی گئی ہے
ایس ایس پی آپریشنز کویٹہ ضیاء الحق مندوخیل
کچھی بیگ پولیس نے خاتون کے مبینہ اغواء کے مقدمے میں کارروائی کرتے ہوئے نامزد چاروں ملزمان کو گرفتار کرلیا، جبکہ مغویہ کو بھی بحفاظت بازیاب کرلیا گیا۔ مسماۃ اسماء دختر امان اللہ، سکنہ قمبرانی روڈ کوئٹہ نے پریس کانفرنس کے دوران الزام عائد کیا کہ اس کی اپنے کزن خدا بخش کے ساتھ سابقہ منگنی 2022 میں ختم ہوگئی تھی۔ خاتون کے مطابق 13 اگست 2026 کو خدا بخش نے محمد رفیق ولد محمد یوسف، جاوید ولد عبدالصمد اور سراج ولد احمد حسین کے ہمراہ اسے گھر سے مبینہ طور پر اغواء کیا، تشدد کا نشانہ بنایا اور 65 ہزار روپے نقدی بھی لے گئے۔
واقعے کا مقدمہ FIR No. 161/2026 بجرم دفعہ 365-B PPC تھانہ کچی بیگ میں 14 اگست 2026 کو مسماۃ شازیہ، والدہ متاثرہ، کی مدعیت میں درج کیا گیا، جبکہ تفتیش کی ذمہ داری سب انسپکٹر محبوب علی کو سونپی گئی۔ تفتیش کے دوران پولیس نے نامزد چاروں ملزمان خدا بخش، محمد رفیق، جاوید اور سراج کو گرفتار کرلیا اور مغویہ کو بازیاب کرلیا۔ پولیس نے مبینہ واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ اور گاڑی بھی برآمد کرلی ہے۔ 17 اگست 2026 کو بازیاب خاتون کا بیان دفعہ 164 ضابطہ فوجداری کے تحت مجسٹریٹ کے سامنے قلمبند کرایا گیا، جبکہ خاتون کا طبی معائنہ سول ہسپتال کوئٹہ میں کرایا گیا ہے، جس کی میڈیکل رپورٹ تاحال موصول ہونا باقی ہے۔ تمام گرفتار ملزمان اس وقت پولیس ریمانڈ پر ہیں، جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
اسما تشدد کیس، پولیس کا موقف آگیا