گنداخہ (نامہ نگار ) پاکستان یونائیٹڈ ورکرز فیڈریشن بلوچستان کے صوبائی صدر میر علی بخش خان جمالی، صوبائی جنرل سیکرٹری پیر محمد کاکڑ، صوبائی آرگنائزر شمس خلجی، بی ڈی اے کے صدر مقصود زمان بازئی، محمد زمان اور دیگر رہنماؤں نے اپنے مشترکہ بیان میں حکومت بلوچستان سے بلوچستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی (بی ڈی اے) کو ختم کرنے کے فیصلے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ یہ فیصلہ فوری طور پر واپس لیا جائے۔رہنماؤں نے کہا کہ بلوچستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی (بی ڈی اے) صوبے کا ایک تاریخی، فعال اور اہم ترقیاتی ادارہ ہے، جس نے مختلف ادوار میں بلوچستان کی تعمیر و ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ چند افراد کی مبینہ بدعنوانی کو جواز بنا کر پورے ادارے کو ختم کرنا نہ صرف ناانصافی ہے بلکہ اس سے ہزاروں ملازمین کا مستقبل بھی داؤ پر لگ جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اگر کسی افسر یا اہلکار نے کرپشن یا بے ضابطگیوں کا ارتکاب کیا ہے تو اس کے خلاف غیرجانبدارانہ تحقیقات کرکے قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے، مگر ایک اہم عوامی ادارے کو ختم کرنا مسئلے کا حل نہیں۔ کرپشن کا خاتمہ کیا جائے، ادارے کا نہیں۔پاکستان یونائیٹڈ ورکرز فیڈریشن کے رہنماؤں نے مزید کہا کہ بی ڈی اے کے خاتمے سے بلوچستان میں جاری اور مستقبل کے ترقیاتی منصوبے متاثر ہوں گے، بے روزگاری میں اضافہ ہوگا اور عوامی مفادات کو شدید نقصان پہنچے گا۔ انہوں نے حکومت بلوچستان سے اپیل کی کہ وہ ملازمین، مزدور تنظیموں اور عوامی حلقوں کے تحفظات کو سنجیدگی سے مدنظر رکھتے ہوئے بی ڈی اے کی بحالی اور ادارے کو مزید مضبوط بنانے کے لیے عملی اقدامات کرے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملازمین کے حقوق اور صوبے کے مفاد کے تحفظ کے لیے ہر جمہوری و آئینی فورم پر آواز بلند کی جائے گی۔
کوئٹہ بی ڈی اے ختم کرنے کا فیصلہ فوری واپس لیا جائے، پاکستان یونائیٹڈ ورکرز فیڈریشن بلوچستان کا مطالبہ
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل