حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ، امن و امان کے استحکام اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے،سردارزادہ میر فیصل خان جمالی

گنداخہ: ( نامہ نگار ) ضلع اوستہ محمد میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، پولیس کی کارکردگی اور جدید سیکیورٹی نظام کا جائزہ لینے کے لیے صوبائی وزیر لائیو اسٹاک سردارزادہ میر فیصل خان جمالی نے ایس ایس پی اوستہ محمد حافظ معاذ الرحمٰن، ڈپٹی کمشنر محمد رمضان پلال، سردار محمد ہارون خان جمالی، ڈی ایس پی سرکل اوستہ محمد داؤد کھوسہ اور دیگر متعلقہ افسران کے ہمراہ تھانہ سٹی اوستہ محمد اور سیف سٹی کنٹرول روم کا تفصیلی دورہ کیا۔دورے کے آغاز پر ایس ایس پی اوستہ محمد حافظ معاذ الرحمٰن نے صوبائی وزیر اور وفد کا خیرمقدم کیا،جبکہ سیف سٹی کنٹرول روم میں جدید نگرانی کے نظام، ہائی ریزولوشن سی سی ٹی وی کیمروں، مرکزی مانیٹرنگ سسٹم، ایمرجنسی رسپانس میکانزم اور جرائم کی روک تھام کے لیے اختیار کیے گئے جدید طریقہ کار پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔وفد کو بتایا گیا کہ سیف سٹی منصوبہ شہر میں مشکوک سرگرمیوں کی نگرانی، ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے، جرائم کی بروقت نشاندہی اور فوری پولیس رسپانس کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔بعد ازاں وفد نے تھانہ سٹی اوستہ محمد کا دورہ کیا،جہاں ایس ایچ او ندیم احمد بہرانی نے تھانے کی مجموعی کارکردگی، مقدمات کی تفتیش، عوامی شکایات کے فوری ازالے، گشت کے نظام، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں اور عوام دوست پولیسنگ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی،انہوں نے بتایا کہ تھانہ سٹی اوستہ محمد میں شہریوں کو بروقت انصاف اور بہتر پولیس سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔اس موقع پر ایس ایس پی حافظ معاذ الرحمٰن نے کہا کہ ڈسٹرکٹ پولیس اوستہ محمد جدید ٹیکنالوجی، پیشہ ورانہ مہارت اور مؤثر حکمت عملی کے ذریعے ضلع بھر میں امن و امان کے قیام، جرائم کی بیخ کنی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے شب و روز مصروف عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور عوام کے درمیان باہمی اعتماد کو فروغ دے کر ایک پرامن اور محفوظ معاشرہ تشکیل دینا ہماری اولین ترجیح ہےصوبائی وزیر لائیو اسٹاک سردارزادہ میر فیصل خان جمالی نے پولیس کی پیشہ ورانہ کارکردگی، سیف سٹی منصوبے اور جدید سیکیورٹی نظام کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کی قیادت میں صوبائی حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ، امن و امان کے استحکام اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہےانہوں نے کہا کہ سیف سٹی جیسے منصوبے نہ صرف جرائم کی روک تھام میں معاون ثابت ہوتے ہیں بلکہ عوام کے اندر احساسِ تحفظ بھی پیدا کرتے ہیں،اور حکومت ایسے منصوبوں کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی،جبکہ صوبائی وزیر اور دیگر معززین نے سیف سٹی کنٹرول روم کے مختلف شعبوں اور تھانے کے ریکارڈ، کنٹرول روم اور دیگر انتظامات کا معائنہ کیا۔ وفد نے ضلع پولیس اوستہ محمد کی خدمات، نظم و ضبط، جدید سیکیورٹی اقدامات اور عوامی تحفظ کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پولیس اسی جذبے اور پیشہ ورانہ انداز میں عوام کی خدمت جاری رکھے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں