جھل مگسی (نامہ نگار منیر احمد رڈ)
گنداواہ: ہائی ٹرانسمیشن لائن پر تخریب کاری کا بڑا منصوبہ پولیس، واپڈا عملے، عوام اور نوجوانوں نے مشترکہ کارروائی سے ناکام بنا دیا
گنداواہ: گزشتہ رات بھاگ سے گنداواہ آنے والی ہائی ٹرانسمیشن بجلی لائن کو نقصان پہنچانے اور قیمتی تاریں چوری کرنے کی کوشش کو پولیس، ایل ایس گنداواہ عمران علی راہوجہ، مقامی عوام اور نوجوانوں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔
تفصیلات کے مطابق گاؤں غوث پور کے قریب نامعلوم شرپسند رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مین ٹرانسمیشن لائن کی تاریں چوری کرنے میں مصروف تھے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی شہریوں نے فوری طور پر ایس پی جھل مگسی رحمت اللہ درانی کو آگاہ کیا، جنہوں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایس ایچ او میرپور میر گہرام خان لاشاری کی سربراہی میں پولیس ٹیم کو جائے وقوعہ پر روانہ کیا۔ اس دوران ایل ایس گنداواہ عمران علی راہوجہ بھی فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور بجلی کی لائن کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے کارروائی میں اپنا کردار ادا کیا۔
دوسری جانب گنداواہ شہر کے بہادر نوجوان بھی بغیر کسی تاخیر کے اپنی موٹر سائیکلوں پر موقع پر پہنچ گئے اور پولیس کے ساتھ مل کر تخریب کاری کی اس بڑی واردات کو ناکام بنا دیا۔ کارروائی کے دوران ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، تاہم وہ تین بجلی کے پولز سے اتاری گئی تاریں موقع پر ہی چھپا کر چھوڑ گئے، جو پولیس نے برآمد کر لیں۔
پولیس، ایس ایچ او میرپور میر گہرام خان لاشاری، ایل ایس گنداواہ عمران علی راہوجہ اور مقامی نوجوان پوری رات جائے وقوعہ پر موجود رہے اور بجلی کی مین لائن کی حفاظت یقینی بنائی، جبکہ سیکیورٹی کے پیش نظر نگرانی کا سلسلہ جاری ہے تاکہ دوبارہ کسی قسم کی تخریب کاری نہ ہو سکے۔
عوام نے ایس پی جھل مگسی رحمت اللہ درانی، ایس ایچ او میرپور میر گہرام خان لاشاری، ایل ایس گنداواہ عمران علی راہوجہ، بہادر نوجوانوں اور تمام رضاکاروں کی بروقت اور جرات مندانہ کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا باہمی تعاون ہی ایسے عناصر کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا سکتا ہے۔
عوام نے گنداواہ کی مقامی میڈیا کے کردار کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا، جس نے بروقت آواز بلند کرکے اس اہم مسئلے کو اجاگر کیا اور متعلقہ اداروں کی فوری توجہ مبذول کرانے میں مؤثر کردار ادا کیا۔
گنداواہ: ہائی ٹرانسمیشن لائن پر تخریب کاری کا بڑا منصوبہ پولیس، واپڈا عملے، عوام اور نوجوانوں نے مشترکہ کارروائی سے ناکام بنا دیا