سکھر بیراج پر اوستہ محمد کے زمینداروں کی کھیرتھر کینال میں پانی کی شدید قلت کےخلاف دھرنا

سکھر (نمائندہ خصوصی وقار احمد کاکڑ): سکھر بیراج پر اوستہ محمد کے زمینداروں کی جانب سے کھیرتھر کینال میں پانی کی شدید قلت کے خلاف جاری دھرنے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات (سی اینڈ ڈبلیو) میر سلیم احمد خان کھوسہ، صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی اور حاجی محمد خان لہڑی دھرنے کے مقام پر پہنچے، جہاں انہوں نے مظاہرین سے ملاقات کی اور ان کے مسائل تفصیل سے سنے۔اس موقع پر زمینداروں نے کھیرتھر کینال میں پانی کی مسلسل قلت پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ علاقے کو فوری طور پر پانی کی منصفانہ فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ زرعی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔
صوبائی وزراء نے مظاہرین کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے جائز مطالبات متعلقہ حکام تک پہنچائے جائیں گے اور کھیرتھر کینال میں پانی کی فراہمی کے مسئلے کے مستقل حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔
دھرنے کے شرکاء نے امید ظاہر کی کہ حکومتی یقین دہانی کے بعد جلد عملی اقدامات کیے جائیں گے تاکہ کاشتکاروں کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں