کوئٹہ (خ ن)27 جون :2026
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے خاران اور مستونگ میں فتنة الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی دو کامیاب کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں قیامِ امن کے لیے سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔ سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے ایک بیان میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گزشتہ دو روز کے دوران سیکیورٹی فورسز نے مو¿ثر انٹیلی جنس اور بروقت کارروائیوں کے ذریعے آٹھ دہشت گردوں کو ہلاک کیا جن میں ایک خودکش بمبار بھی شامل تھا انہوں نے کہا کہ یہ کامیاب کارروائیاں دہشت گرد عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے اور بلوچستان کے عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ریاستی اداروں کے غیر متزلزل عزم کا واضح ثبوت ہیں۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پوری قوم اپنے بہادر سیکیورٹی اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے، جو اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر بلوچستان کے امن، پاکستان کی سلامتی اور عوام کے تحفظ کے لیے ہر محاذ پر دشمن کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی بدولت دہشت گردی کے ناسور کے خلاف فیصلہ کن کامیابیاں حاصل ہو رہی ہیں۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے واضح کیا کہ پاکستان کے خلاف غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کو ہر قیمت پر شکست دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست دشمن عناصر اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی اور پاکستان سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ جنگ قومی عزم، اتحاد اور ثابت قدمی کے ساتھ جاری رہے گی انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت بلوچستان، سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے اور صوبے میں پائیدار امن، عوام کے تحفظ اور ریاست کی رٹ کے قیام کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔
ریاست دشمن عناصر اور ان کے سہولت کاروں کےخلاف کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی‘ سرفراز بگٹی