‏اعلیٰ تعلیم کے لیے گھر سے دور جانا نوجوان کا انتخاب ہونا چاہیے،بلاول بھٹو

لاڑکانہ ( بیورو رپورٹ) ‏اعلیٰ تعلیم کے لیے گھر سے دور جانا نوجوان کا انتخاب ہونا چاہیے، مجبوری نہیں، آج یونیورسٹی آف لاڑکانہ کا افتتاح کرتے ہوئے خوشی ہوئی کہ لاڑکانہ اور گردونواح کے نوجوانوں کے لیے اپنے علاقے میں علم، تحقیق اور آگے بڑھنے کے مواقع وسیع ہورہے ہیں۔
‏افتتاح کے بعد اساتذہ سے گفتگو کی اور یونیورسٹی کے تعلیمی پروگراموں پر بریفنگ لی، یہاں دوہزار 875 طلباء زیرِ تعلیم ہیں اور زراعت و انجینئرنگ سے مصنوعی ذہانت تک 26 تعلیمی پروگرام جاری ہیں، میری خواہش ہے کہ یہاں کی تحقیق ہمارے کھیتوں کی پیداوار بڑھائے، ہمارے شہروں کے مسائل حل کرے اور ہمارے نوجوانوں کے لیے ترقی کے نئے امکانات پیدا کرے۔
‏لاڑکانہ نے پاکستان کی سیاسی تاریخ پر اپنا گہرا نقش چھوڑا ہے، مجھے امید ہے کہ یونیورسٹی آف لاڑکانہ سے فارح التحصیل ہونے والے نوجوان علم اور تحقیق کی دنیا میں اپنا لوہا منوائیں گے اور ملک کے مستقبل کی تعمیر کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے لاڑکانہ میں یونیورسٹی آف لاڑکانہ کے افتتاحی تقریب کے دوران کیا. انہوں نے مختلف یونیورسٹی کے بلاکس کا بھی دورہ کیا، جبکہ اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، پیپلزپارٹی سندھ کے صوبائی صدر نثار احمد کھوڑو، پاکستان پیپلز پارٹی کی مقامی قیادت قومی اسمبلی کے میمبر خورشید احمد جونیجو، سندھ اسمبلی کے میمبر جمیل احمد سومرو، ایم پی اے سھیل انور سیال، ایم این اے اعجاز علی جھکرانی، وقار علی بھٹو، غلام بہلول گوپانگ و دیگر موجود تھے.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں