کوئٹہ(این این آئی) معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے قلعہ سیف اللہ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فتنہ الخوارج کے دہشت گرد کمانڈر کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائیاں قابلِ تحسین ہیں ۔ایک بیان میں شاہد رند نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، بروقت کارروائیاں اور قربانیاں لائقِ تحسین ہیں فتنہ الخوارج کے دہشت گرد کمانڈر کے خلاف کامیاب کارروائی امن دشمن عناصر کے خلاف مؤثر حکمت عملی کی عکاس ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی خدمات اور قربانیاں قابلِ قدر ہیں ۔ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔شاہد رند نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیاں بلوچستان میں امن و استحکام کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں ۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔معاون وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے عوام امن کے قیام کے لیے سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور اس جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں ۔
قلعہ سیف اللہ میں دہشت گرد کمانڈر کی ہلاکت سیکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائی کا مظہر ہے، شاہد رند
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل