صحبت پور (نامہ نگار وقار احمد کاکڑ) عوامی صحت کے تحفظ اور محفوظ خوراک کی فراہمی کےلئے ضلعی انتظامیہ صحبت پور نے مین بازار میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر بیمار بکری کا گوشت فروخت کرنے والے گوشت فروش کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی۔ڈپٹی کمشنر صحبت پور محترمہ فریدہ ترین کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر سیف الدین کھوسہ اور تحصیلدار شرف الدین لاشاری کی نگرانی میں ہونے والی کارروائی میں نائب تحصیلدار دیدار علی گولہ، لائیو اسٹاک آفیسر ڈاکٹر تمیز الدین کھوسہ، پٹواری عامر کریم جروار اور میونسپل کمیٹی کے عملے نے حصہ لیا۔ عوامی شکایات موصول ہونے پر بشیر احمد دایو کی گوشت کی دکان کا معائنہ کیا گیا، جہاں سے مشتبہ گوشت برآمد ہوا۔ ٹیم نے فوری طور پر گوشت اپنی تحویل میں لے کر ویٹرنری اصولوں اور مقررہ ایس او پیز کے مطابق تلف کر دیا تاکہ اسے دوبارہ فروخت یا استعمال نہ کیا جا سکے۔ کارروائی کے دوران دکان کا بلدیاتی لائسنس نہ ہونے پر دکان کو سیل کر دیا گیا، جبکہ گوشت فروش پر 10 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ عوام کی صحت سے کھیلنے، غیر معیاری یا مضرِ صحت گوشت فروخت کرنے اور متعلقہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائیاں جاری رہیں گی۔ شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ صرف سرکاری مہر شدہ اور ویٹرنری معائنہ شدہ گوشت خریدیں اور کسی بھی غیر قانونی یا غیر معیاری گوشت کی فروخت کی اطلاع فوری طور پر ضلعی انتظامیہ یا متعلقہ محکموں کو دیں۔
صحبت پور: بیمار بکری کا گوشت فروخت کرنے پر دکان سیل، 10 ہزار روپے جرمانہ
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل