گنداخہ:( نامہ نگار ) ضلع اوستہ محمد میں زرعی پانی کی منصفانہ تقسیم اور کھیرتھر کینال سے پانی چوری کی روک تھام کےلئے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ ایریگیشن کی مشترکہ کارروائیاں جاری ہیں۔ صوبائی وزیر لائیو اسٹاک سردارزادہ فیصل خان جمالی کی ہدایات پر مختلف مقامات پر قائم غیر قانونی واٹر کورسز، ناجائز کٹ اور پانی کی غیر قانونی منتقلی کے خلاف کریک ڈاو¿ن کیا جا رہا ہے تاکہ نہر کے ٹیل تک واقع علاقوں کے کاشتکاروں کو ان کا مقررہ پانی فراہم کیا جا سکے ڈپٹی کمشنر اوستہ محمد محمد رمضان پلال نے ایگزیکٹو انجینئر کھیرتھر کینال غلام محمد بادینی اور سردارزادہ ضرار ناصر خان جمالی کے ہمراہ کھیرتھر کینال کے مختلف مقامات کا دورہ کیا اور جاری کارروائیوں کا جائزہ لیا۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر محمد رمضان پلال نے کہا کہ حکومت بلوچستان زرعی پانی کی شفاف اور منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیرتھر کینال پر قائم غیر قانونی واٹر کورسز اور ناجائز تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری ہے اور پانی چوری یا قانون شکنی میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ نہری پانی قومی اثاثہ ہے اور اس کی منصفانہ تقسیم ہر کاشتکار کا حق ہے۔ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ ایریگیشن مشترکہ حکمت عملی کے تحت نہری نظام کو شفاف بنانے اور ٹیل کے علاقوں تک پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں ڈپٹی کمشنر نے کاشتکاروں سے اپیل کی کہ وہ پانی چوری یا دیگر بے ضابطگیوں کی اطلاع متعلقہ حکام کو دیں تاکہ بروقت کارروائی کے ذریعے کسانوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
گنداخہ ‘ پانی چوری کی روک تھام کےلئے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ ایریگیشن کی مشترکہ کارروائیاں جاری
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل