ادارے دہشتگردی کے خاتمے اور امن کے قیام کیلئے سنجیدہ کوشیں کر رہے ہیں‘ صادق عمرانی

کوئٹہ(خ ن) بلوچستان کے سینئر صوبائی وزیر، پاکستان پیپلز پارٹی کے سینٹرل کمیٹی کے رکن، پارلیمانی لیڈر اور صوبائی وزیرِ آبپاشی میر محمد صادق عمرانی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے علاقہ زیارت میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن بلوچستان پولیس کے افسران و جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظہر ہے۔ اپنے بیان میں صوبائی وزیر نے کہا کہ بلوچستان پولیس کے افسران اور جوانوں نے اپنی جانیں قربان کر کے 15 دہشت گردوں کو نشانِ عبرت بنایا۔ میر محمد صادق عمرانی نے کہا کہ غیر ریاستی عناصر اپنے مذموم مقاصد کیلئے صوبے کا امن و امان خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن وہ اس میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبائی حکومت اور ہمارے ادارے دہشت گردی کے خاتمے اور امن کے قیام کیلئے سنجیدہ کوشیں کر رہے ہیں۔ ان شاء اللہ جلد ہمارے ملک اور صوبے میں امن و سلامتی کا سورج طلوع ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عوام، سیاسی جماعتیں اور سیکیورٹی ادارے ایک صف میں کھڑے ہو کر مشکلات کا مقابلہ کر رہے ہیں۔ لہٰذا ان مخصوص حالات میں ہمیں تمام سیاسی اختلافات بالا طاق رکھتے ہوئے دہشت گردی کے عفریت سے نمٹنے کیلئے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کرنا ہوگا۔ میر محمد صادق عمرانی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ تمام شہداءکو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا کرے۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے بھی دعا کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں