شارجہ سے پاکستان آنیوالا نجی کارگو طیارہ کراچی کے قریب سمندر پر پرواز کے دوران لاپتا ہوگیا ترجمان پاکستان ائیر پورٹ اتھارٹی( پی اے اے) نے نجی کمپنی کا طیارہ لاپتا ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ شارجہ سے کراچی آنے والے نجی کارگو طیارے سے دورانِ پرواز رابطہ منقطع ہوا۔طیارے میں عملے کے 5 افراد سوار تھے۔ پاکستان ائیر پورٹ اتھارٹی کے مطابق کے ٹو ایئرویز کا کارگو طیارہ KTA1732، بوئنگ 737-400، رجسٹریشن AP-BOI، شارجہ سے کراچی آرہا تھا۔
پی اے اے کے مطابق رات 9 بج کر 18 منٹ پر، کراچی سے 150 میل جنوب میں فضائی راستے G216 پر طیارے نے نیویگیشن میں خرابی کی اطلاع دی اور رہنمائی کے لیے ہیڈنگ طلب کی۔ طیارے کو موجودہ سمت برقرار رکھنے کی ہدایت دی گئی۔
اسی دوران طیارہ دائیں جانب مڑتا اور تیزی سے بلندی کھوتا دیکھا گیا۔ طیارے کی گرنے کی شرح 15 ہزار فٹ تھی۔ طیارے سے متعدد بار رابطے کی کوشش کی گئی، لیکن کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔ رات 9 بج کر 21 منٹ پر، کراچی سے 155 میل مغرب میں طیارہ ریڈار سے غائب ہوگیا۔
رات 9 بج کر 21 منٹ پر، کراچی سے 155 میل مغرب میں طیارہ ریڈار سے غائب ہوگیا—۔فوٹو: اسکرین شاٹ
ترجمان نے بتایا کہ کارگو طیارے کی جانب سے پرواز کے دوران نیویگیشن سسٹم میں خرابی کی اطلاع ملنے کے بعد کراچی اے سی سی نے طیارے کو فوری رہنمائی فراہم کی، طیارہ اچانک تیزی سے نیچے آیا اور سمت بھی تبدیل کرلی۔
ترجمان پی اے اے کے مطابق کراچی سے تقریباً 155 ناٹیکل میل مغرب میں طیارہ ریڈار سے غائب ہوگیا، طیارے سے ریڈار اور مواصلاتی رابطہ بیک وقت منقطع ہوا۔