ٹانک میں پولیس چیک پوسٹ پر خودکش حملہ، 12 فوجی، 2پولیس اہلکار شہید، 12 دہشتگرد مارے گئے

ٹانک /راولپنڈی/اسلام آباد(این این آئی)ٹانک میں پولیس چیک پوسٹ پر فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے بزدلانہ حملے میں بارود سے بھری گاڑی چیک پوسٹ سے ٹکرا دی، حملے میں 12 فوجی جوان، 2 پولیس اہلکار اور محکمہ جنگلات کا ایک سرکاری اہلکار شہید ہوگئے، فرار ہونے والے 12 خوارج کو ہلاک کردیا گیا جبکہ صدر مملکت آصف علی زر داری اور وزیر اعظم شہبازشریف نے جوائنٹ پولیس چیک پوسٹ پر فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم اپنے بہادر جوانوں اور اہلکاروں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرےگی،پاکستان کی سرزمین سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کئے بغیر ہم سکون سے نہیں بیٹھیں گے۔ جمعہ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق ٹانک پولیس چیک پوسٹ پر فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں نے بزدلانہ حملہ کیا۔ 23 اور 24 جولائی کی درمیانی شب بھارتی اسپانسرڈ فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں نے چیک پوسٹ کی سیکیورٹی توڑنے کی کوشش کی۔سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور موثر کارروائی نے دہشتگردوں کے مذموم عزائم ناکام بنا دیے اور جوانوں نے غیر معمولی جرات اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے فرار ہونے والے 12 خوارج کو ہلاک کردیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شدید دبا ﺅکا شکار حملہ آوروں نے بارود سے بھری گاڑی چیک پوسٹ کی بیرونی دیوار سے ٹکرائی،دھماکے کے باعث چیک پوسٹ کے بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا اور وطن کے 15 بہادر سپوت شہید ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق شہدا میں 12 فوجی جوان، 2 پولیس اہلکار اور محکمہ جنگلات کا ایک سرکاری اہلکار شامل ہے۔آئی ایس پی اکے مطابق علاقے میں مزید کسی بھی دہشتگرد کی موجودگی کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ عزمِ استحکام کے تحت دہشتگردی کے خلاف بھرپور کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا کہ بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے گا، ہمارے بہادر شہدا کی عظیم قربانیاں وطن کے دفاع اور قومی سلامتی کے تحفظ کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔ دریں اثناءاپنے بیان میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے ٹانک میں سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے دہشت گرد حملہ ناکام بنانے اورفتنہ الخوارج کے بارہ دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ۔صدرِ مملکت نے دہشت گرد حملے کے نتیجے میں شہید ہونے والے بہادر جوانوں اور اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے شہداءکے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کےلئے صبرِ جمیل کی دعا ءکی ۔ صدر زر داری نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم اپنے بہادر جوانوں اور اہلکاروں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ صدر مملکت نے کہاکہ ایسے عناصر پاکستان کی علاقائی اور عالمی امن کے قیام کی کوششوں کو سبوتاژکرنا چاہتے ہیں تاہم ہم ان کے مذموم عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ صدر مملکت نے کہاکہ پاکستان امن کے قیام کی کوششوں میں بھی کامیاب ہوگا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھی سرخرو ہوگادوسری جانب وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع ٹانک میں جوائنٹ پولیس چیک پوسٹ پر فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا ۔اپنے بیان میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع ٹانک میں جوائنٹ پولیس چیک پوسٹ پر حملے کو ناکام بناتے ہوئے 12 خارجیوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی بروقت، جرات مندانہ اور پیشہ ورانہ کارروائی کو سراہا۔وزیراعظم نے واقعہ میں پاک فوج کے 12 جوانوں، 2 پولیس اہلکاروں اور محکمہ جنگلات کے ایک سرکاری اہلکار کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے تمام شہدا کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندانوں کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی سرزمین سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کئے بغیر ہم سکون سے نہیں بیٹھیں گے،سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک کو اس فتنے سے پاک کرنے کے لیے اپنی کارروائیاں پوری طاقت سے جاری رکھیں گے۔اپنے بیان میں وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ٹانک میں فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے 15 بہادر سپوتوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ سکیورٹی فورسز اور پولیس کے جری جوانوں نے جان دے کر خوارجیوں کے ناپاک ارادوں کو خاک میں ملایا،انہوںنے کہاکہ وطن کے بہادر سپوتوں نے 12 خوارجیوں کو جہنم واصل کیا،شہداءقوم کا فخر ہیں اور ہمارے سر کا تاج ہیں۔ محسن نقوی نے کہاکہ شہداءکی قربانیاں دہشتگردی کے خلاف ہمارے پختہ عزم کا ثبوت ہے،وطن عزیز کے امن کے لئے شہداءکی لازوال قربانیوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔ محسن نقوی نے کہاکہ شہداءکی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں