جامعہ تربت کی ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ کمیٹی کا پانچواں اجلاس، فیکلٹی ڈویلپمنٹ، آئی ٹی اسکلز اور استعدادکار میں اضافے پر زور

تربت (پریس ریلیز) 15 جولائی 2026) یونیورسٹی آف تربت کی ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ کمیٹی کا پانچواں اجلاس وائس چانسلر سیکریٹریٹ میں منعقد ہوا، جس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے کی۔اجلاس میں ڈین فیکلٹی آف لٹریچر اینڈ لینگویجز پروفیسر ڈاکٹر عبدالصبور بلوچ (تمغۂ امتیاز)، ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز ڈاکٹر محمد طاہر حکیم، ڈین فیکلٹی آف بزنس اینڈ اکنامکس ڈاکٹر عدیل احمد (بذریعہ ویڈیو لنک)، ڈاکٹر مظفر حسین، ڈین فیکلٹی آف لاء، رجسٹرار گنگزار بلوچ اور ڈائریکٹر فنانس شاہ بیک سید نے شرکت کی۔ یونیورسٹی ترجمان کے مطابق اجلاس کے آغاز میں کمیٹی نے اپنے گزشتہ اجلاس کی کارروائی کے منٹس کی توثیق کی۔ بعد ازاں، ملک اور بیرون ملک ایم فل اور پی ایچ ڈی کرنے والے فیکلٹی ممبران سے متعلق مختلف تعلیمی و انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اس حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔اس موقع پر کمیٹی سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے کہا کہ جامعہ تربت کو ملک کے صف اول کے اعلیٰ تعلیمی اداروں کے برابر لانے کے لیے فیکلٹی اور عملے کی پیشہ ورانہ تربیت اور انسانی وسائل کی ترقی ناگزیر ہے۔اجلاس کے دوران انسانی وسائل کے جدید چیلنجز سے نمٹنے، پالیسیوں پر موثر عمل درآمد اور یونیورسٹی میں اسمارٹ ورکنگ کلچر کو فروغ دینے کے لیے ڈائریکٹوریٹ آف کنٹینیوئس پروفیشنل ڈویلپمنٹ (سی پی ڈی) کے قیام کی تجویز پیش کی گئی۔ مزید برآں، کمیٹی نے ملازمین کے لیے ایک جامع اور بامقصد تربیتی فریم ورک تیار کرنے کی بھی سفارش کی، جس کے تحت آئی ٹی کی مہارت، سافٹ اسکلز، قائدانہ صلاحیتوں،ٹائم مینجمنٹ اور اسٹریٹجک پلاننگ جیسے جدید تقاضوں پر خصوصی تربیت دی جائے گی تاکہ بدلتے ہوئے تعلیمی منظر نامے میں جامعہ تربت کا عملہ اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنا سکے۔

تربت یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن، وی سی سیکریٹریٹ میں منعقدہ یونیورسٹی کے ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ کمیٹی کے پانچواں اجلاس کی صدارت کرہے ہیں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں