دیامر بھاشا ڈیم،مقامی آبادی کی فلاح کیلئے 97 کروڑ سے زائد کے معاہدے پر دستخط

دیامر(این این آئی)واٹر اینڈ پاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) نے دیامر بھاشا ڈیم منصوبے کے متاثرہ علاقوں کی مقامی آبادی کیلئے تقریباً 97 کروڑ 25 لاکھ روپےمالیت کے روزگار اور معاشی ترقی کے منصوبے شروع کرنے کیلئے معاہدے پر دستخط کر دیئے۔یہ اقدام ملک کے سب سے بڑے پن بجلی اور آبی ذخائر کے منصوبوں میں شامل دیامر بھاشا ڈیم سے منسلک وسیع تر سماجی و معاشی ترقیاتی پروگرام کا حصہ ہے۔گوادر پرو کے مطابق واپڈا کے دیامر بھاشا ڈیم منصوبے اور ضلعی انتظامیہ دیامر کے درمیان 97 کروڑ 25 لاکھ 71 ہزار روپے مالیت کے منصوبوں پر عملدرآمد کیلئے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے۔ یہ منصوبے ڈیم کے اعتماد سازی اقدامات کے تحت مکمل کیے جائیں گے۔رپورٹ کے مطابق معاہدے پر واپڈا کے دیامر بھاشا ڈیم منصوبے کے جنرل منیجر و پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر انجینئر نزاکت حسین اور ڈپٹی کمشنر دیامر لیفٹیننٹ محمد اویس عباسی (ریٹائرڈ) نے دستخط کیے۔ اس موقع پر گلگت بلتستان کے چیف سیکریٹری ارشد مجیدبھی موجود تھے۔معاہدے کے مطابق روزگار اور معاشی ترقی کے منصوبے متعلقہ سرکاری محکموں کے ذریعے ضلعی انتظامیہ دیامر کی نگرانی میں اور مقامی آبادی سے مشاورت کے ساتھ مکمل کیے جائیں گے۔حکام کے مطابق منصوبوں پر مو¿ثر عملدرآمد اور معیار کو یقینی بنانے کیلئے ایک مشترکہ نگران کمیٹی قائم کی جائے گی، جس میں ضلعی انتظامیہ، واپڈا اور مقامی کمیونٹی کے نمائندے شامل ہوں گے۔رپورٹ کے مطابق یہ نیا پیکیج دیامر بھاشا ڈیم منصوبے سے منسلک وسیع سماجی و معاشی ترقیاتی پروگرام کا حصہ ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق واپڈا نے منصوبے کے متاثرہ علاقوں میں فلاح و بہبود اور ترقیاتی سرگرمیوں کیلئے 78.5 ارب روپے مختص کیے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں